ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ضلع شمالی کینرا میں اننت کمار ہیگڈے کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاجی بند۔۔بھٹکل میں ڈاکٹروں کی ریالی اور اسسٹنٹ کمشنر کومیمورنڈم

ضلع شمالی کینرا میں اننت کمار ہیگڈے کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاجی بند۔۔بھٹکل میں ڈاکٹروں کی ریالی اور اسسٹنٹ کمشنر کومیمورنڈم

Sat, 07 Jan 2017 21:32:06  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 7/جنوری (ایس او نیوز) انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) سرسی کی تجویزکی حمایت میں آئی ایم اے کی ریاستی یونٹ نے کینرا ایم پی اننت کمار ہیگڈے کے ذریعے سرسی ٹی ایس ایس اسپتال کے ڈاکٹروں پر کیے گئے حملے کے خلاف احتجاجی بند کا اعلان کیا تھا۔ موصولہ خبروں کے مطابق آئی ایم اے ضلع یونٹ کی ہدایت پر بھٹکل اور کاروار سمیت ضلع شمالی کینرا کے مختلف علاقوں میں ڈاکٹروں نے صبح ۹ بجے سے ایک بجے تک اپنے اپنے دواخانے بند رکھے اور ڈاکٹروں پر حملے کے خلاف صدر ہند کے نام  تعلقہ انتظامیہ کے ذریعے میمورنڈ م پیش کیے۔

بھٹکل میں سرکاری اسپتال سے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر تک ڈاکٹروں نے ایک ریلی نکالی، پھر اے سی دفتر کے باہر جمع ہوکر سرسی میں آننت کمارہیگڈے کے ذریعے کی گئی غنڈہ گردی کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر احتجاجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم اے بھٹکل یونٹ کے صدر ڈاکٹر رمیش صراف نے کہا کہ ایم پی آننت کمار ہیگدے نے سرسی اسپتال میں جس طرح کی غنڈہ گردی کی اور ڈاکٹروں پر حملہ کیا، اُس کی وڈیو ریکارڈنگ اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوچکی ہے، حیرت کی بات یہ ہے کہ ایک عوامی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ایم پی کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرے، مگریہاں ایم پی خود ڈاکٹروں پر حملہ کرتے ہیں تو اس سے بڑی بدقسمتی کی بات کیا ہوگی ؟ ڈاکٹر صراف نے اس بات پربھی تشویش کا اظہار کیا کہ سرسی تعلقہ پنچایت میٹنگ میں ایم پی آننت کمار ہیگڈے کی حمایت میں ہی بات کی گئی اور اُس کی غنڈہ گردی کی کسی نے بھی مخالفت نہیں کی، اسی سے ہمیں اندازہ لگانا چاہئے کہ ہمارا سماج اس وقت کس رُخ پر گامزن ہے۔ اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر چیتن کلکور نے میمورنڈم پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف پر حملہ کرنے پر قانون کے تحت ۳ سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا موجود رہنے کے باوجود رات دن مریضوں کی خدمت انجام دینے والے ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف پرحملے کی وارداتیں ہوتی رہتی ہیں جو بڑی تشویش کی بات ہے۔

میمورنڈم میں سرسی کے علاوہ ہاسن کے ایک سرجن پر حال ہی میں ہوئے حملے کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور اُس واقعے کی بھی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی طرف سے احتجاجی بند کے دوران ایمرجنسی میڈیکل سروس میں کہیں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی گئی تھی۔

بھٹکل میں میمورنڈم پیش کرنے کے دوران ڈاکٹر سریش نائک،، ڈاکٹر پانڈورنگا نائک، ڈاکٹرستیش، ڈاکٹر گنیش پربھو، ڈاکٹر ونیتا، ڈاکٹر فردین، ڈاکٹر یاسین، ڈاکٹر نسیم، ڈاکٹر رشید،  ڈاکٹر یحیٰ، ڈاکٹر لکشمیش نائک، ڈاکٹر بھوانی شنکر، ڈاکٹر سنیل، ڈاکٹر بھرت کمار، ڈاکٹر آئی آر بھٹ، ڈاکٹر وادی راج بھٹ سمیت کافی ڈاکٹرس موجود تھے۔

 


Share: